مکہ مکرمہ: وادی مکہ میں لبیک اللھم لبیک کی صدائیں گونج اٹھیں ۔ حج آج ہوگا۔ 60 ہزار عازمین عرفات پہنچ گئے ہیں۔ عازمین نےمنیٰ میں یوم الترویہ گزارا اور ظہر،عصر،مغرب،عشا ادا کی ۔آج رکن اعظم وقوف عرفہ اور خطبہ حج ہوگا۔
مکہ مکرمہ کی روح پرور فضاء اورحرم شریف کا معطر ماحول گزشتہ سارے حج سے مختلف ہے۔ کورونا اور پچھلے سال محدود حج کی کامیابی کے بعد اس سال 60 ہزار عازمین مناسک حج ادا کر رہے ہیں۔ ان میں سعودی شہری اور مقیم غیرملکیوں نے طواف قدوم ادا کیا۔
اس کے بعد عازمین کے قافلے گروپ کی شکل میں منیٰ اپنے خیموں میں پہنچے۔ خیموں کا شہرمنیٰ محدود حج کے باعث اس کا ایک حصہ آباد ہوچکا ہے جہاں عازمین نے ظہر، عصر، مغرب، عشاء کی نمازیں ادا کیں۔
آج9 ذی الحج کی نماز فجر ادا کرنے کے بعد عازمین حج کے قافلے منیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوئے جہاں حج کا اہم رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔
عازمین حج نے بتایا کہ حج ادارے مشاعر مقدسہ میں اعلیٰ اور معیاری خدمات انجام دے رہے ہیں، جدید ٹیکنالوجیز سے آراستہ بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ خیمہ کی رہائش، ڈبہ پیک کھانے، چوبیس گھنٹے آب زم زم کی بوتلوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ منی جنرل اسپتال کو پوری طرح آپریشننل کردیا گیا ہے۔
کورونا ایس او پیز کا ہر طرح خیال رکھا گیا ہے۔ بجلی، پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ حج سیکورٹی اہلکار ہر وقت نگرانی کررہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.