ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ، وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر گوادر جائیں گے

160

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر گوادر جائیں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔

دورے کے دوران وہ متعدد بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ وزیراعظم کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا جہاں ان کی متعلقہ حکام اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی افرادی قوت کے بارے میں بات چیت بھی متوقع ہے۔

وہ نارتھ گوادر فری زونز، گوادر میں تاجروں کے لئے فری زون، گوادر ایکسپو بلڈنگ اور دوسری فیکٹریوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم ایک تقریب سے خطاب اور مقامی لوگوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئر مین عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان گوادر کا دورہ کریں گے جہاں وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔

ہوشاب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سی پیک اور گوادر بندرگاہ کے منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ خطے اور ملک کے شمالی حصے کے ساتھ گوادربندرگاہ کو منسلک کرنے کیلئے شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تعمیراتی کام میں تیزی لائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوںکی ترقی کیلئے حکومت نے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات کے تحت چھ ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکج تیار کیا ہے۔

پاکستان چین اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان کے نو پسماندہ اضلاع میں اکتیس ڈیمز تعمیر کیے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ پندر ڈیموں کی تعمیر کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے اور بقیہ سولہ ڈیموں پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ گوادر کے ہوائی اڈے کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے جو جدید مواصلاتی سہولیات سے لیس ہو گا اور وہاں بڑے مال برادر جہاز اتر سکیں گے۔

تبصرے بند ہیں.