اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ کی برطرفی کے خلاف احتجاج، اسرائیل بھر میں مظاہرے

108

تل ابیب :  اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے وزیر دفاع یواف گیلانٹ کو برطرف کرنے کے فیصلے کے خلاف اسرائیل کے مختلف شہروں میں بڑے مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔

 

تل ابیب، حیفا، نہاریہ اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل کے کئی علاقوں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور وزیراعظم کے اس فیصلے کی مذمت کی۔

 

مظاہرین نے وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی کی اور سڑکیں بلاک کر دیں۔ کچھ جگہوں پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی بھی خبریں ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ایران یا حزب اللہ نہیں بلکہ ان کی اپنی حکومت ہے۔

 

احتجاج کے دوران اسرائیلی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا اور 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔

 

نیتن یاہو نے یواف گیلانٹ کو وزیر دفاع کے عہدے سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر دفاع کو برطرف کرنے کے فیصلے کا اعلان ایک ویڈیو بیان میں کیا گیا، جس میں نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ان کے درمیان اچھا تعلق تھا، لیکن بعد میں اعتماد کی کمی پیدا ہو گئی۔

تبصرے بند ہیں.