تل :فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوج کے درمیان غزہ اور جنوبی لبنان میں جاری جھڑپوں میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، جبکہ جنوبی لبنان میں ہونے والی جھڑپوں میں مزید 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، ان حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 11 اور جنوبی لبنان میں 7 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، غزہ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں میں ایک 34 سالہ ریزرو میجر بھی شامل ہے جس کا تعلق ایلات کے انسداد دہشت گردی کے محکمے سے تھا۔ یہ میجر شمالی غزہ میں اسپیشل فورسز کی کمی کے باعث تعینات کیا گیا تھا، اور اس کی ہلاکت اسرائیلی افواج کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی غزہ جنگ کے دوران اب تک 783 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسرائیل اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان جاری اس تنازع میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیل میں ان حملوں کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اسرائیلی فوجی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان حملوں کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
تبصرے بند ہیں.