اسلام آباد ہائیکورٹ میں فائر وال کی تنصیب و انٹرنیٹ بندش کیخلاف درخواست دائر

108

اسلام آباد: فائر وال کی تنصیب و انٹرنیٹ بندش کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں  سینئر صحافی حامد میر نے درخواست دائر کرا دی۔

 

سینئر صحافی حامد میر نے وکیل ایمان مزاری کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں استدعا کی   گئی ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے والی فائر وال کی تنصیب کو روکا جائے۔فائر وال کی تنصیب تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے مشروط قرار دی جائے۔

 

درخواست میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری آئی ٹی ٹی، سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ پی ٹی اے، وزارت انسانی حقوق بھی فریقین میں شامل ہیں اور موقف اپنایا گیا کہ ذریعہ معاش کیلئے انٹرنیٹ تک رسائی کو آئین کے تحت انسانی بنیادی حقوق قرار دیا جائے۔

 

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین سے فائر وال سے متعلق تمام تفصیلات پر مبنی رپورٹ طلب کی جائے، درخواست پر فیصلہ ہونے تک فائر وال کی تنصیب کا عمل معطل کردیا جائے۔ شہریوں کی بلا تعطل انٹرنیٹ تک رسائی کو یقینی بنانے کے احکامات دیئے جائیں۔

تبصرے بند ہیں.