پاکستان سمیت دنیا بھر میں نوجوانوں کا عالمی دن ,صدراوروزیراعظم کاپیغام

57

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، پاکستان کی نصف آبادی کا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

 

نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر صدر اور وزیراعظم نےاپنے پیغامات میں کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ کل کے خواب دیکھنے والے اور قائد ہیں۔

 

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومتی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بطور صدر انہیں ہمارے نوجوانوں کے کارناموں پر فخر ہے۔ انہوں نے ہر پاکستانی نوجوان پر زور دیا کہ وہ اپنے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، بڑے خواب دیکھیں اور ملک کی بہتری کے لیے انتھک محنت کریں۔’

 

اس دن کو منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کو درپیش چیلنجز پر اقوام عالم کی توجہ دلوانا ہے، دنیا کا ہر چوتھا نوجوان غربت کا شکار اور ہر پانچواں نوجوان روزگار سے محروم ہے۔کسی بھی ملک کی ترقی اور مستقبل کا دارو مدار اس ملک کے نوجوانوں کو قرار دیا جاتا ہے۔

 

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے،2013 میں نوجوانوں کے لئے قرضوں اور زرعی سکیم کو متعارف کرایا گیا تھا جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اوراب تک 2 لاکھ 80 ہزار نوجوان تاجروں کو تقریباً 186 ارب روپے کے قرضے دئیے جاچکے ہیں۔ حکومت ان اقدامات کو توسیع دینے کی خواہاں ہے۔

 

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 12 اگست کو نوجوانوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اقوام متحدہ نے 1999ء میں 12 اگست کو نوجوانوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کی یوں 12 اگست 2000ء سے لے کر اب تک ہر سال ایک نئے تھیم کے ساتھ اس دن کو نوجوانوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

 

اس سال اس دن کا موضوع ہے ”ڈیجیٹل شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتیں پائیدار ترقی کا اہم ذریعہ”۔

تبصرے بند ہیں.