ڈی آئی خان: رورل ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کاحملہ، 5 شہری اور دو سیکورٹی اہلکار شہید،   تین دہشت گرد ہلاک

60

 

راولپنڈی: ڈی آئی خان کے علاقے کیری شموزئی کے رورل ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملہ میں دو سیکورٹی اہلکار اور 5  شہری شہید ہو گئے ہیں۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق، پندرہ سولہ جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ڈی آئی خان کے علاقے کیری شموزئی کے رورل ہیلتھ سینٹر پر حملہ کیا  اور اسٹاف پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے 5 معصوم شہری شہید ہوگئے ۔ شہداء میں دو لیڈی ہیلتھ ورکر، دو بچے اور ایک چوکیدار شامل ہے۔

 

قریبی علاقے میں موجود سیکیورٹی فورسز نے فوری موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا اور  تین دہشت گردوں کو ہلاک  کر دیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

 

خیال رہے،سکیورٹی فورسز نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، کارروائی کے دوران دھرتی کے 8  بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کنٹونمنٹ پر گزشتہ روز 10 دہشت گردوں کے گروپ نے حملہ کیا۔ خودکش حملے میں بنوں کنٹونمنٹ کی دیوار کا ایک حصہ مسمار ہو گیا اور وطن کے آٹھ سپوت جام شہادت نوش کر گئے۔

 

سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے آپریشن کرتے ہوئےتمام دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا اوربڑی تباہی سے بچا لیا۔ شہداء میں نائب صوبیدار محمد شہزاد ،حوالدار ظل حسین ،حوالدار شہزاد احمد سپاہی، اشفاق حسین سپاہی سبحان مجید ،سپاہی امتیاز خان ،سپاہی ارسلان اسلم اور لانس نائک سبز علی شامل ہیں۔

 

تبصرے بند ہیں.