انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا، سائفر کیس میں خان صاحب کو سزائے موت ہو سکتی ہے:علیمہ خان

71

 

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں ہمیں اںصاف ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ سب پر پریشر ڈالا جارہا ہے اس کیس میں خان صاحب کو سزائے موت ہو سکتی ہے۔

 

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائفر مقدمے کی سماعت کی کوریج کے لیے میڈیا کو اندر نہیں جانے دیا جارہااور اس اقدام کا بھی کوئی نہ کوئی مقصد ہی ہو گا۔

 

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے بغیر سائفر مقدمے کا فری ٹرائل نہیں ہو سکتا اور سب پر پریشر ڈالا جارہا ہے اور اس کیس میں خان صاحب کو سزائے موت ہو سکتی ہے۔

 

سابق وزیر اعظم کی بہن نے الزام عائد کیا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کوہائر کیا تھا اور ریکارڈ پر موجود ہے کہ اس کے عوض انھیں پیسے دیئے گئے تھے۔

 

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ جیل کے اندر قائم کمرہ عدالت میں ڈبے بنا دیئے گئے ہیں مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ اندر خوف کس چیز کا ہے۔ ساری فیملی کمرہ عدالت کے اندر تھی اور باہر سے تالہ لگا دیا گیا تھا۔

 

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ سائفر مقدمے کی سماعت کے دوران جو کچھ ہو رہا ہے ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ہم اپنے ملک میں نہیں کسی اور ملک میں بیٹھے ہوئے ہیں اور بہت تکلیف ہوتی ہے کہ یہ ہمارے ساتھ ہمارے ہی ملک میں کیا ہو رہا ہے۔

 

سابق وزیر اعظم کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ ہمیں گھر سے نکلنے کے بعد فالو کیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ انہیں جیلوں میں ڈال دیں گے،جس کا ہمیں کوئی خوف نہیں ہے۔

 

خیال رہے کہ سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے روالپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں کی جس کے بعد عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو ان کے وکلا کی موجودگی میں فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی جس پر دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

تبصرے بند ہیں.