صیہونی فورسز کا غیر انسانی عمل، حماس کا ٹھکانہ کہہ کر اقوام متحدہ کا اسکول دھماکے سے اُڑا دیا

71

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ صیہونی فارسز نے غزہ میں حماس کا ٹھکانہ کہہ کر اقوام متحدہ کے اسکول کو دھماکے سے اُڑا دیا۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اقوام متحدہ کی ریلیف اور  ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے  کہا کہ  تمام عوامی مقامات، اسکول اور اسپتالوں کو بین الاقوامی قوانین کے تحت امان حاصل ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے اسکولوں اور اسپتالوں پر حملے بہت ہی غضب ناک ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک اسکول کو دھماکے سے اڑانے کی ویڈیوز دیکھی ہیں۔

 

 

ان کا کہنا تھا کہ اس خونخوار جنگ میں فریقین کو وہاں موجود اقوام متحدہ کے مراکز کی تمام تفصیلات دستیاب ہونے کے باوجود بھی اسکول پر حملہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق  گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیل کی جارحانہ اور وحشتناک کارروائیوں میں مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

شمالی غزہ کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے پر بھی اسرائیلی مظالم کاسلسلہ جاری ہے۔ انسان دشمنوں نے جنین شہر میں ڈرون حملہ اور فائرنگ کرکے مزید 5 فلسطینی شہید کردیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کئی روز تک محاصرے کے بعد شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر بھی دھاوا بول دیا، اسرائیلی افواج کی جانب سے اسپتال سے طبی عملے سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

غزہ میں حماس کی جانب سے بھی قابض فوج پر جوابی حملے جاری ہیں، حماس کے جنگجوؤں نے شجاعیہ میں 11 اور خان یونس میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کے دعویٰ کیا ساتھ  ہی مارٹر گولوں اور میزائلوں سے اسرائیلی فوج کا کیمپ، متعدد ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا۔

 

فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کے دوران بدحواس اسرائیلی فوج نے حملوں میں اپنے ہی فوجیوں کو مار ڈالا، 13 فوجی فرینڈلی فائرنگ اور 20 فوجی آپریشنل حادثات میں مارے گئے جبکہ غزہ سے دو اسرائیلی مغویوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔

 

دوسری جانب الجزیرہ عربی کے مطابق جبالیہ مہاجر کیمپ کا بازار اجتماعی قبر ستان بن گیا ہے۔ عرب میڈیا کی جانب سے ایکس پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بازار کے صحن میں کئی عارضی قبریں بنائی گئی ہیں۔

 

الجزیرہ کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمالی مضافات کے اسرائیلی محاصرے نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے رہائشیوں کو مجبور کیا کہ وہ بازار کے صحن کو اجتماعی قبر کی جگہ میں تبدیل کریں۔

 

واضح رہےکہ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 7 اکتوبر سے اب تک 18 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 49 ہزار سے زائد زخمی ہیں، اس کے علاوہ صیہونی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے پر کارروائیوں میں 278 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

 

تبصرے بند ہیں.