ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم  کی سیمی فائنل تک رسائی، اگر۔۔ مگر۔۔۔ لیکن ناممکن نہیں

90

لاہور: انٹرنیشنل کر کٹ کونسل(آئی سی سی) ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل تک کی رسائی ایک بار پھر دوسری ٹیموں کی ہار یا جیت  یا پھر اگر مگر پر منحصر ہوگئی۔

 

پاکستانی ٹیم اور شائقین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان اب بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتا ہے لیکن اس کیلئے پاکستان کو اب اگلے تمام میچز اچھے رن ریٹ کے ساتھ جیتنا ہوں گے۔ جس کے بعد گروپ اسٹیج پر پاکستان کے پوائنٹس  12 ہوں گے۔

 

پاکستان کے اگلے 4 میچز میں پہلا میچ 26  اکتوبرکو جنوبی افریقا، 31 اکتوبر کو بنگلادیش،  4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ سے  ہوگا، سیمی فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو  یہ چاروں میچز لازمی جیتنے ہوں گے۔

 

ورلڈ کپ 2023  میں  پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کی کئی صورتیں ہیں لیکن کوئی بھی صورت خطرے سے خالی نہیں۔

 

پہلی صورت یہ ہے اگر پاکستان اپنے بقیہ چاروں میچز اچھے رن ریٹ کے ساتھ جیت جائے  اس کے بعد آسٹریلیا اپنے بقایا 5 میچز سے 2 میچز میں شکست کھائے تو پاکستان کے پوائنٹس 12 اور آسٹریلیا کے پوائنٹس 10 ہوں گے  جس کے بعد پاکستان بآسانی سیمی فائنل تک  پہنچ پائے گا۔

 

لیکن اگر پاکستان اگلے چار  میچز میں سے کوئی بھی ہار جاتا ہے تو  یہ شکست پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے خطرات مزید بڑھادے گی کیوں کہ پھر انگلینڈ اور  بنگلادیش کے  پاکستان سے فتح حاصل کرنے کے بعد پوائنٹس  اوپر چلے جائیں گے۔

 

اگر پاکستان اگلے میچز میں سے ایک سے زائد میچ میں شکست کھا گیا تو  سیمی فائنل تک  رسائی کے سارے راستے بند ہوجائیں گے۔

 

واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی لیکن پاکستان کی افغانستان سے شکست کے بعد گروپ اسٹیج پوائنٹس ٹیبل پرپاکستان کا پانچواں نمبر ہے۔

 

گروپ اسٹیج پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے ،نیوزی لینڈ  دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے اور  آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کے خلاف تاریخی فتح کے بعد افغانستان لمبی چھلانگ لگا کر چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.