اٹک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اور وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
اٹک جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے خلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت خصوسی عدالت کےجج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔ عمران خان کی لیگل ٹیم میں سلیمان صفدر ، عمیر نیازی ، ابو ذر سلمان نیازی ، سکندر ذولقرنین ،مظہر علی حیدر ،رائے محمد علی شامل تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حد تک سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت تیسری بار اٹک جیل میں لگی تھی۔ وزارت قانون نے سائفرکیس کی اٹک جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفرکیس کی سماعت اٹک جیل میں ہوگی۔
وزارت قانون کے مطابق خصوصی عدالت کے جج کی درخواست پر سماعت اٹک جیل میں کرنے پر اعتراض نہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ جج نے سکیورٹی وجوہات کے باعث سماعت اٹک جیل میں کرنے کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں ہونا تھی، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نےپہلے اٹک جیل سماعت کرنا تھی پھر جوڈیشل کمپلیکس۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس کی سماعت کے سلسلے میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا۔
عدالتی عملے نے شاہ محمود سے کہا کہ سائفرکیس میں آپ کی کل کے لیے درخواست ضمانت مقرر ہے، جس پر شاہ محمود نے سوال کیا کہ کیا کل مجھے جوڈیشل کمپلیکس آنا ہوگا؟
عدالتی عملے نے کہا کہ نہیں درخواست ضمانت پر آپ کو کل جوڈیشل کمپلیکس نہیں آنا پڑےگا، جج ابوالحسنات اٹک گئے ہوئے ہیں، آپ کو آج حاضری لگا کر واپس بھیج دیں گے جو اگلی تاریخ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی ہوگی، وہی آپ کی ہوگی۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے مختصر سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کردی.
تبصرے بند ہیں.