اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آفیشل سیکریٹ ترمیمی بل پر دستخط کردیئے۔صدر نےآرمی ایکٹ ترمیمی بل پر بھی دستخط کر دیے۔
آرمی ایکٹ ترمیمی بل 31 جولائی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور ہوا تھا جبکہ صدر کو توثیق کے لیے یکم اگست کو ارسال کیا گیا تھا۔قومی اسمبلی نے پیر کو آفیشل سیکریٹ ترمیمی بل 2023 کےاصل مسودے میں کچھ تبدیلیاں کرنے کے بعد منظور کر لیا تھا۔
یاد رہے کہ اس ہفتے کے شروع میں صدر علوی نے ایک درجن سے زائد بل پارلیمنٹ کو واپس کر دیے۔ 9 اگست کو قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد، پارلیمنٹ دوبارہ قانون سازی نہیں کر سکتی اور فروری میں متوقع انتخابات کے بعد نئی پارلیمنٹ کی حلف برداری تک قوانین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی۔ صدر بل پر دستخط نہ کرتے تو آئین کے تحت یہ از خود قانون بن جاتا۔
واضح رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں تبدیلیاں ممکنہ طور پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور حامیوں کو متاثر کریں گی جنہیں 9 مئی کے تشدد میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ایف آئی اے نے رواں ہفتے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 5 کے تحت چئیر مین پی ٹی آئی کے خلاف سفارتی سائفر لیک کرنے کا نیا مقدمہ درج کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.