چوہدری پرویز الٰہی کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات

12

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے ملاقات کی جس دوران مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق زمان پاک لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے قانونی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی گئی اور پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی سرگرمیاں فوری تیزکرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئنداور آئین کی بالادستی کا عکاس ہے، قوم نے آئین کی بالادستی کیلئے جو جدوجہد کی وہ رنگ لائی ہے، تحریک انصاف انتخابی مہم میں اب تیزی لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 90 روز میں انتخابات کاحکم دے کر آئین کی بالادستی کو برقرار رکھا، تحریک انصاف کے رہنماءاور کارکن بھرپور انداز سے انتخابی مہم شروع کریں۔ 
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد متعلقہ ادارے بلا تاخیر عملدرآمدکیلئے اقدامات کریں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو یہ بات جان لینی چاہئے کہ آئین ہی سپریم ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو نواز شریف، شہباز شریف یا مریم نواز کی خواہشات پر نہیں آئین کے مطابق چلناہے، اب معزز عدلیہ مریم نواز کے عدلیہ پر حملوں کا بھی نوٹس لے۔

تبصرے بند ہیں.