حکومت بجلی کا یونٹ 50 روپے تک لے کر جائے گی: شوکت ترین

21

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ 2 دن میں روپے کی قدر 34 روپے کم ہوئی ہے اور اب یہ بجلی کا یونٹ 50 روپے تک لے کر جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ( آئی ایم ایف) اس لئے نہیں آ رہا کہ ان کا بجٹ خسارہ 3 کھرب سے زائد کا ہے اور اب نئے ٹیکس کے ساتھ ناصرف پیٹرول کی قیمت بڑھادی جائے گی بلکہ بجلی کا یونٹ بھی 50 روپے تک لے کر جائیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ وہ وزیر ہے جو کہتا تھا کہ جہاز پر چڑھتے ہی ڈالر آئیں گے اور 1200 ارب روپے قرضہ کم ہو گا، جب ہم چھوڑ کر گئے تھے تو ڈالر 182 روپے تھا لیکن انہوں نے 2 دونوں میں 4 کھرب سے زائد کا قرضہ بڑھا دیا ہے، ملکی ذخائر اس وقت 4 ارب ڈالر سے کم ہو گئے ہیں جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ریونیوز اپنے ٹارگٹ سے 400 ارب روپے کم ہے۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کیا تو باقی دوست ممالک بھی پیسے نہیں دیں گے، یہ تو آئی ایم ایف کے سامنے بالکل لیٹ گئے ہیں، ان کا سرکولر ڈیٹ اس وقت 3.2 ٹریلین پر چلا گیا ہے، اس وقت یہ ہدف سے 800 ارب روپے شارٹ ہیں، سی پی آئی 30 سے 35 فیصد پر جاتا دیکھیں گے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ناصرف مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آنے والا ہے بلکہ بیروزگاری میں بھی اضافہ ہو گا، کاروبار بند ہو رہے ہیں، 6 فیصد جو معیشت بڑھی رہی تھی، اب ہمارا تخمینہ ہے کہ یہ منفی ہو گی۔ 

تبصرے بند ہیں.