پنجاب کی نگران حکومت نے عمران خان کی سیکیورٹی واپس لینے کیلئے خط لکھ دیا

14

لاہور: پنجاب کی نگران حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی واپس لینے کیلئے پی ٹی آئی کو خط لکھ دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آج پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ذاتی سکیورٹی واپس لئے جانے کا دعویٰ کیا اور سلمان احمد نے اس ضمن میں دئیے گئے بیان میں کہا کہ فاشست پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ظالم رانا (وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ) کی ہدایات پر سابق وزیراعظم عمران خان سے ذاتی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔
بعد ازاں عمران خان کی سکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کا بیان بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا کہ بنی گالہ سابق وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ ہے، سابق وزیراعظم کئی ماہ سے اسلام آباد میں مقیم نہیں ہیں، ان کی غیر موجودگی میں اسلام آباد پولیس یا دیگر صوبوں کی پولیس نہیں لگائی جا سکتی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پنجاب کی نگران حکومت نے بھی عمران خان کی سکیورٹی واپس لینے کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو خط لکھ دیا اور محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ زمان پارک سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیں۔ 
عمران خان کے سٹاف افسر شبلی فراز نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عمران خان سے پنجاب اور کے پی کی سکیورٹی واپس لے لی ہے جبکہ اسی پولیس نے عمران خان کی جان کے خطرے کا الرٹ جاری کیا تھا، عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ دارحکومت اور رانا ثنااللہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر اور گورنر پنجاب کے الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے خلاف درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں، کسی کو آئین کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا ماضی داغدار ہے، ان کی کابینہ میں بھی متنازعہ لوگ شامل ہیں ہے، یہ لوگ الیکشن کروانے کے حق میں نہیں ہیں۔

تبصرے بند ہیں.