شمالی علاقہ جات میں موسم سرما کی پہلی برف باری، درجہ حرارت گر گیا

80

پشاور: خیبرپختونخواہ کے بالائی علاقوں سمیت شمالی علاقہ جات میں موسم سرما کی برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش کا آغاز ہو گیا جس کے باعث ملک بھر میں موسم تبدیل ہونے لگا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے بالائی علاقے بابو سر ٹاپ، بٹہ کنڈی، جھیل سیف الملوک، مالم جبہ، کالام میں شدید برف باری کے نتیجے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز تک وقفے وقفے سے یہ سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ٓذرائع کے مطابق برف باری کے باعث پہاڑوں اور کھلے مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جبکہ مقامی افراد نے بھی سردی سے محفوظ رہنے کیلئے انتظامات شروع کر دئیے ہیں۔ 
دوسری جانب پشاور، صوابی، مٹہ، مدین، بحرین، سخرہ میں تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس کے نتیجے میں کھڑی فصلوں سمیت باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ 
بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی بھی ہے جس کے باعث تیمر گرہ میں ایک گاڑی ریلے میں بہہ گئی تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.