امریکی سائفر سے متعلق لیک ہونے والی آڈیو پر عمران خان کا ردعمل

75

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے امریکی سائفر کے حوالے سے لیک ہونے والی آڈیو ریکارڈنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب پورا سائفر ہی لیک ہو جائے تاکہ سب کو معلوم ہو کہ کتنی بڑی بیرونی سازش ہوئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سائفر کے اوپر تو ابھی میں نے کھیلا ہی نہیں ہے، اچھا ہے اب یہ ایکسپوز کریں گے تو ہم کھیلیں گے بلکہ میں تو کہتا ہوں کہ پورا سائفر ہی لیک ہو جائے تاکہ سب کو پتہ چلے کہ یہ کتنی بڑی بیرونی سازش ہے۔
عمران خان نے سائفر سے متعلق آڈیو لیک کرنے کا الزام وزیراعظم شہباز شریف پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف وغیر نے آڈیو لیک کر کے بڑا اچھا کیا، میں تو کہتا ہوں کہ پورا سائفر ہی لیک ہو جائے تاکہ سب کچھ سامنے آ جائے۔ 
واضح رہے کہ امریکی سائفر کے حوالے سے عمران خان کی سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ امریکہ کا نام نہیں لینا، اب ہم نے صرف کھیلنا ہے۔
چند روز قبل وزیراعظم ہاو¿س میں ہونے والے اجلاس کی ایک آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس میں وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور وزیر قانون کے علاوہ ایاز صادق کی آواز بھی شامل تھی۔
لیک ہونے والی اس آڈیو میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری لندن سے لئے جانے، مریم نواز کے داماد کیلئے بھارت سے پاور پلانٹ منگوانے جیسے انکشافات بھی ہوئے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیک کو ملکی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے کی ہر سطح سے تحقیقات کی جائیں گی۔

تبصرے بند ہیں.