عمران خان آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں: خواجہ آصف

16

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اقتدار کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ان کے خلاف قانون اور قاعدے کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اداروں، آرمی چیف کی تعیناتی، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام اور سیلاب متاثرین کی امداد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ وہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے کو بھی متنازعہ بنانا چاہتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان قومی سلامتی اور قومی وجود پر حملہ کر رہے ہیں اور اپنے اقتدار کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، وہ ملک کی سلامتی بھی داؤ پر لگا سکتے ہیں، نومبر میں شہباز شریف آئین کے مطابق نئے آرمی چیف کا تقرر کریں گے، عمران خان کے کہنے سے کیا فرق پڑتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کو آج جس قدر استحکام کی ضرورت ہے، ماضی میں کبھی نہیں رہی، سیلاب کی موجودہ صورتحال میں سیاست کو کچھ دیر کیلئے ایک طرف رکھ دینا چاہیے، چین نے سی پیک پر کام جلد اور تیزی سے فعال ہونے کی امید ظاہر کی ہے جبکہ روس نے پاکستان کو تیل اور گیس دینے کی پیشکش کی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.