وزیر اعظم شہباز شریف کا شیخ نہیان بن مبارک کو فون ، سیلاب متاثرین کی امداد پر شکریہ ادا کیا

30

 

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کو ٹیلی فون کرکے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کے سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر(دو ارب 26 کروڑ روپے) دینے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

اتوار کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے انفرادی سطح پر اب تک کا سب سے بڑا عطیہ دیا ہے،ان کی فراخ دلانہ مدد کو اہل پاکستان ہمیشہ یاد رکھیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ شیخ نیہان نے پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے درد مندی کا ثبوت دیا ہے،آپ کی مدد سے سیلاب متاثرین کی زندگی بچانے ، ریلیف اور بحالی میں بڑی مدد ملے گی۔

 

وزیراعظم نے سیلاب سے ہونے والی تاریخی تباہی اور متاثرین کی مدد کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا،شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان سے یک جہتی کا اظہار کیا۔

تبصرے بند ہیں.