مسلم لیگ (ن) کا ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے معاملے پر فل بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ

26

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فل بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءعطاءتارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اہم نوعیت کا مسئلہ ہے اور اس کی تشریح ہونا ضروری ہے جبکہ اس اہم معاملے پر سپریم کورٹ کا فل بینچ بیٹھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کر کے ضمنی انتخابات کرائے گئے تھے جبکہ گزشتہ روز ہم نے آئین اور قانون کے مطابق کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کئی ماہ سے آئینی اور سیاسی بحران ہے جبکہ یہ آئینی بحران پیدا کرنے والے آج کس منہ سے عدالت گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار دے کر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے آج دوپہر 2 بجے طلب کر لیا ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاءبندیال نے ریمارکس دئیے کہ آئین کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہئے، حمزہ شہباز کا حلف ہو چکا ہے مگر اس سے کچھ نہیں ہوتا۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جمہوری روایت یہی ہے کہ پارلیمانی پارٹی طے کرتی ہے کہ کس کو سپورٹ کرنا ہے جبکہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ڈائریکشن کی خلاف ورزی پر رپورٹ کر سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.