قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی سپیکر کو پی ٹی آئی کے 8 ارکان کے استعفے منظور کرنے کی تجویز

26

اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سپیکر راجہ پرویز اشرف کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 ارکان کے استعفے منظور کرنے کی تجویز دیدی۔ 
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد منظور ہونے اور اتحادی حکومت قائم ہونے کے بعد پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ نے قومی اسمبلی سے استعفوں کا اعلان کردیا تھا۔
اس وقت کے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے ارکان کے استعفے بھی منظور کر لئے تھے تاہم موجودہ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ان استعفوں پر قانون کے مطابق کارروائی کی رولنگ جاری کر دی۔ 
راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے قانون کے مطابق طلب کیا لیکن کوئی رکن پیش نہ ہوا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے دیئے گئے استعفوں کی تصدیق کیلئے پیش نہ ہونے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے قانونی رائے طلب کی تھی۔ 
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس معاملے پر اپنی ایڈوائس سپیکر کو بھیج دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان میں اعلان کرنے والے ارکان کے استعفے قبول کر لئے جائیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنی ایڈوائس میں سابق وزیراعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، اسد عمر، شیریں مزاری، مراد سعید، علی محمد خان اور فرخ حبیب کے استعفے منظور کرنے کی تجویز دی ہے۔ 
ذ رائع کے مطابق سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ایڈوائس پر حکمران اتحاد سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ہی استعفے منظور کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.