چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا 2 جون کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

43

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 2 جولائی بروز ہفتہ اسلام آباد، لاہو، کراچی اور دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پرامن احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سازش کے ذریعے آنے والی حکومت نے 1100 ارب کے کرپشن کیسز معاف کروائے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں مگر قیمتیں کم کرنے کے بجائے ان پر شیلنگ کر کے دہشت پھیلائی جا رہی ہے۔ سازش کر کے حکومت میں آنے والے کہتے ہیں کہ یہ مہنگائی پی ٹی آئی کی وجہ ہے اور اگر یہ مہنگائی ہماری وجہ سے ہے تو پھر ہمیں حکومت میں رہنے دینا تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں سروس سیکٹر اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) بھی کہہ رہا تھا کہ معیشت مستحکم راستے پر ہے لیکن پھر ایسی قیامت آ گئی کہ دو ماہ میں سب کچھ آسمان پر چلا گیا اور معیشت نیچے آ گئی، سازش کر کے پاکستان میں سیاسی بحران پیدا کیا گیا جس کے بعد ملک میں معاشی بحران آیا جو ان سے قابو نہ آ سکا اور عوام اب سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ 
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بجلی سے متعلق مسلم لیگ (ن) معاہدے کر کے گئی تھی، ساہیوال جیسی جگہ پر کوئلے سے بجلی کا پلانٹ لگایا گیا جہاں کوئلہ کراچی سے منتقل کیا جاتا ہے، جس نے ساہیول کا پلانٹ لگایا اسے جیل میں ڈالنا چاہئے کراچی میں گرمی میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے کیا آپ کی تیاری نہیں تھی؟ عوام سڑکوں پر نکل رہی ہے اور یہ ڈنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام چل رہا تھا اور ہم دباؤ برداشت کر رہے تھے مگر ہم نے قیمتیں بڑھانے سے متعلق آئی ایم ایف کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا لیکن پھر عالمی سازش کے ذریعے ایک حکومت آئی جس میں شامل 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں، انہوں نے پیٹرول، بجلی، گیس سمیت ہر چیز کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، گزشتہ دو ماہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے جبکہ جولائی میں یہ اور بھی بڑھ جائے گی۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 2 جون بروز ہفتہ اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں پرامن احتجاج کیا جائے گا اور اس کیساتھ ہی لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی اس امپورٹڈ حکومت اور مہنگائی کے خلاف پرامن احتجاج کئے جائیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے ابھی تک صرف ایک کام کیا، 1100 ارب کے کرپشن کیسز معاف کروائے اور یہ لوگوں کو دبانے کیلئے سول سروس اور پولیس کا استعمال کر رہے ہیں، زرداری اور شریف خاندان اپنی دولت کا50 فیصد حصہ لے آئیں تو پاکستان بحران سے نکل جائے گا۔ 
انہوں نے پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے بیورو کریسی اور پولیس کو مخاطب کیا اور کہا کہ آپ شریف خاندان کی غلامی سے باہر آ جائیں، حمزہ شہباز کی حکومت جلد ختم ہو جائے گی اور یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، ساری باتیں اور چیزیں انٹرنیٹ پر موجود ہوں گی۔ 

تبصرے بند ہیں.