انٹرنیٹ ایکسپلورر کا 27 سالہ سفر اختتام پذیر

28

واشنگٹن: مائیکرو سافٹ نے 27 سال کے طویل عرصے کے بعد اپنے ویب براؤزر انٹرنیٹ ایکسپلورر کو بالآخر باضابطہ طور پر ریٹائر کر دیا۔

 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  انٹرنیٹ کی دنیا کا پرانا اور مقبول ترین براؤزر اب صرف ایک یاد بن جائے گا کیونکہ  مائکروسافٹ کی جانب سے انٹرنیٹ ایکسپلورر کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ویسے تو مائکروسافٹ نے فروری 2021  سے  364 ایپس کے لیے انٹرنیٹ ایکسپلورر سپورٹ ختم کردی تھی مگر اب اسے باضابطہ طور پر ریٹائر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 15 جون کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر ڈیسک ٹاپ ایپ کا استعمال ممکن نہیں ہوگا بلکہ اس پر کلک کرنے پر ایج براؤزر اوپن ہوجائے گا۔مائیکرو سافٹ نے گزشتہ چند سال میں متعدد بار اپنے صارفین کو ‘انٹرنیٹ ایکسپلورر’ کی خامیوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے رواں سال کے آغاز میں اپنے نئے براؤزر ‘مائیکرو سافٹ ایج’ استعمال کرنے کی تجویز دی تھی۔

خیال رہے کہ  انٹرنیٹ ایکسپلورر ایک عرصے تک انٹرنیٹ کی دنیا پر راج کرتا رہا تاہم 2004 میں موزیلا فاؤنڈیشن نے فائرفوکس نامی انٹرنیٹ براؤزر  متعارف کرایا جس سے اس انٹرنیٹ ایکسپلورر کی مقبولیت گرنا شروع ہو گئی جس کے بعد 2008 میں  گوگل نے گوگل کروم لانچ کیا جس نے براؤزنگ کی تیز ترین سروسز فراہم کیں اور دیکھتے ہی دیکھتے گوگل کروم کا استعمال بڑھ گیا۔
گوگل کروم کی مقبولیت کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر گمنامی میں چلا گیا اور پھر مائیکروسافٹ نے انٹرنیٹ کی دنیا میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے کے لیے نیا براؤزر مائیکروسافٹ ایج متعارف کرایا لیکن یہ کوشش بھی خاص کامیاب نہ ہو سکی۔اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2015 میں مائیکرو سافٹ ایج کو متعارف کرایا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.