اسلام آباد: گرمی کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 900 میگاواٹ رہ گیا ہے اور لوڈشیڈنگ میں بھی کمی آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن کی سپلائی شروع ہونے اور بجلی گھروں کے تکنیکی مسائل حل ہونے کے باعث شارٹ فال میں کمی ہوئی ہے جو صرف 2 ہزار 900 میگاواٹ رہ گیا ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 20 ہزار 500 میگاواٹ اور پیداوار 17 ہزار 600 میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے 1100 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2,500 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 14 ہزارمیگاواٹ ہے۔
بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے باعث گرمی اور رمضان کے مقدس ماہ میں بدترین لوڈشیڈنگ سے ستائے عوام کو کچھ ریلیف ملا ہے اور پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں صرف 5 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ریجن میں بجلی کی طلب 1326 میگا واٹ اور سپلائی 1216 میگاواٹ ہے اور صرف 110 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے جس کے باعث 4 گھنٹے کی لوڈمینجمنٹ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا بجلی کوٹہ بھی بڑھا دیا گیا ہے جہاں بجلی کی رسد 3700 میگاواٹ اور طلب 4100 میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال 400 میگا واٹ رہ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیہی اور چھوٹے شہروں میں لوشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں 7 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کم سے کم لوشیڈنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
تبصرے بند ہیں.