وزیراعلیٰ کے پی کیخلاف تحریک عدم اعتماد، شوکت یوسفزئی کا ردعمل آگیا

43

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما شوکت علی یوسفزئی کا  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے خلاف  تحریک عدم اعتماد جمع ہونے  پر ردِعمل سامنے آگیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا تحریک انصاف کا قلعہ ہے، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائی ہے اسے شکست کا سامنا ہو گا۔

 

 

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف  اکرم خان درانی نے وزیراعلیٰ محمود خان  کیخلاف گزشتہ روز  تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔انہوں نے کہا کہ  حکومت کو اسمبلی تحلیل کرنے نہیں دیں گے۔

 

 

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا ایوان 144 ارکان پر مشتمل ہے جس میں حکمران جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  94 ارکان موجود ہیں  جبکہ اسے 2 آزاد  اور مسلم لیگ( ق) کے ایک رکن کی حمایت بھی حاصل ہے۔ متحدہ اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 48 ہے۔

 

 

خیال رہے کہ تحریک انصاف کو وفاق میں وزیراعظم کیخلاف پہلے ہی تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے جبکہ پنجاب میں بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے استعفے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہونا ہے جس میں اپوزیشن کی جانب سے تحریک انصاف حکومت کو سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

 

 

وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جبکہ پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ 16 اپریل کو متوقع ہے۔

تبصرے بند ہیں.