27مارچ کووزیراعظم ملک کی سب سےبڑی ریلی سےخطاب کریں گے: شیخ رشید

90

 

اسلام آباد:  وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ  27مارچ کووزیراعظم ملک کی سب سےبڑی ریلی سےخطاب کریں گے۔

 

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم نے 10 لاکھ لوگوں کو جلسے میں شرکت کی کال دے رکھی ہے ۔24 مارچ سے 4 اپریل تک پاکستانی سیاست میں گہما گہمی کے دن ہیں جس کے سبب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کےچاروں میچ لاہورمنتقل کردیئےگئے۔

 

 

وزیرداخلہ نے کہا کہ عدم اعتمادپرووٹنگ کس دن ہوگی،فیصلہ اسپیکرکریں گے. انہوں نے کہا کہ میں سندھ میں گورنر راج کا حامی تھا تاہم سندھ میں گورنر راج لگانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں 25 مارچ کو اپوزیشن اپنا جلسہ کرے گی جبکہ 27 مارچ کو وزیراعظم بھی جلسہ کریں گے ۔ 21، 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں چھٹی دیدی ہے ۔ اب سب سے بڑا مسئلہ وزیراعظم کی ریلی اور جلسہ ہے ۔ وزیراعظم نے 10 لاکھ لوگوں کو آنے کی کال دی ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بھی جلسہ یا ریلی ہونے جارہی ہے ، انہیں مشورہ ہے افہام و تفہیم سے کام لیں ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے جلسوں کے راستے الگ ، الگ رکھیں ۔ پاکستان اس وقت اپنے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے ۔ جمہوریت ٹکراؤ کا نہیں افہام و تفہیم اور سمجھ بوجھ کا نام ہے ۔ حالات ایسے نہیں کہ ملک میں انتشار کی کیفیت پیدا کی جائے ۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں جو خرید و فروخت ہو رہی ہے ، اس پر گورنر راج کا حامی ہوں ۔ 2، 3 روز قبل حالات تلخ کلامی پر پہنچ گئے تھے وہ اب نارمل ہو رہے ہیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس کو اسٹاک ہاؤس بنا دیا ہے ۔ کراچی کی اسٹاک ایکسچینج نیچے اور سندھ ہاؤس کی ایکسچینج اوپر چلی گئی ہے ۔ ضمیر کی خرید وفروخت کی اسٹاک ایکسچینج میں بدبو پھیل رہی ہے ۔ ہمیں پہلے سے اطلاعات تھیں ہمارے 10 سے 12 لوگ کہاں ہیں ۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر منتخب ہوئے ان سے اپیل کرتا ہوں واپس آجائیں ۔ عمران خان کے ساتھ ہر جگہ کھڑا ہوں ، اسی کے ساتھ جاؤں گا ۔ عمران خان فیصلہ کن لڑائی لڑیں گے ، وہ کہیں نہیں جا رہے ۔ عدم اعتماد کی تحریک میں کتنے دن لگیں گے ، اس بارے میں اسپیکر سے پوچھیں ۔

 

شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی کمیٹی میں فیصلہ ہوا ہارس ٹریڈنگ کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے ۔ پی ٹی آئی میں ایک ہی شخص ہے جو لیڈر ہے اس کا نام عمران خان ہے ۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں قومی حکومت یا ٹیکنوکریٹ حکومت بنے تو ووٹ کو عزت دو کی بات کہاں گئی ؟ شہباز شریف نے نواز شریف کی سیاست کو برباد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن میں ہمت ہے وہ ٹیکنوکریٹ اور قومی حکومت بنا کر دکھائیں ، عمران خان ان کا جینا حرام کر دے گا ۔ پنجاب میں عدم اعتماد تحریک کے ووٹ صرف پی ٹی آئی یا مسلم لیگ (ن) کے ہیں ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.