گجرات: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بس اب بہت ہو چکا، کٹھ پتلی سلیکٹڈ کو جانا ہو گا، ہمارا مطالبہ صاف اور شفاف الیکشن ہے، عمران خان میں اگر ہمت ہے تو ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے استعفیٰ دے اور گھر چلا جائے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے ہر طبقے کو پریشان کیا ہے اور عام آدمی مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہا ہے، یہ ووٹوں سے نہیں امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں، اب جب سے وہ اقتدار میں آیا ہے تو صرف اسی طرف دیکھتا رہتا ہے، بس بہت ہو چکا کٹھ پتلی سلیکٹڈ کو جانا ہو گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے دن سے اس نالائق کو نہیں مانا اور پہلے دن اسمبلی میں ان کو سلیکٹڈ کا نام دیدیا، آج گوگل میں لکھیں عمران خان تو سلیکٹڈ وزیراعظم آئے گا، یہ شخص اس عہدے پر بیٹھنے کے لائق نہیں ہے ، ہم نے عمران خان سے حساب لینا ہے اور ہمارا مطالبہ صاف اور شفاف الیکشن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس اب 24 گھنٹے ہیں، اسمبلی توڑو اور گھر چلے جاؤ، ہمت ہے تو ہمارے پہنچنے سے پہلے اسمبلی توڑ دو، سندھ، پنجاب نے فیصلہ دیدیا، اب ہم اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں ، ہمت ہے تو الیکشن میں آئیں اور ہمارا مقابلہ کریں، وہ اتنا گھبرا گیا ہے کہ گالیاں دینے لگا ہے، وہ اب جتنی بھی گالیاں دے بچ نہیں سکتا، جتنی گندی زبان بولے، جھوٹ بولے، بچ نہیں سکتا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اس نے پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کرا کے معاشی بحران پیدا کر دیا اور یورپی یونین کے پیچھے ایسے پڑ گیا ہے جیسے کشمیر فتح کر لیا ہو۔ اس شخص نے جو نقصان پہنچایا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا ، پاکستان کی تاریخ کا قرض ایک طرف اور تین سال کا قرض ایک طرف، ان لوگوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو نقصان پہنچایا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف علی زرداری کو جب ملک ملا تو پاکستان جل رہا تھا ، خیبرپختونخواہ سے لے کر کراچی تک دہشت گردی کی آگ میں پاکستان جل رہا تھا، آٹا، چینی خریدنے کیلئے قطاروں میں کھڑا ہونا پڑ تا تھا مگر آصف زرداری نے ملک کو بچایا اور پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر وفاق کو جوڑا۔
تبصرے بند ہیں.