لاہور: لالی ووڈ اداکارہ میرا کی طرف سے ممکنہ طور پر نئی شادی کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، تاہم اداکارہ نے نکاح کی تردید کردی۔
نیو نیوز کے رابطہ کرنے پر اداکارہ میرا نے ملک آفتاب اعوان نامی وکیل سے نکاح کرنے کے معاملے کی تردید کردی، انہوں نے کہا کہ میرے خلاف پروپیگنڈا مہم چلائی جارہی ہے، لیکن اداکارہ میرا نے تردیدی ویڈیو بیان جاری کرنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ اداکارہ میرا کی ممکنہ طور پر آج ہونیوالی شادی کا انکشاف ایک وکیل ملک آفتاب اعوان کی اہلیہ ظاہر کرنیوالی خاتون کہکشاں گل نے کیا، انہوں نے ویڈیو بیان میں اداکارہ میرا کی آج ممکنہ ہونیوالی شادی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک آفتاب اعوان ایڈووکیٹ کی بیوی ہیں اور ہماری نو سال کی بیٹی بھی ہے، میرے خاوند اور اداکارہ میرا آج شادی کررہے ہیں جبکہ اسلام اور ملکی قانون میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کی اجازت نہیں،ایڈووکیٹ آفتاب اعوان کی مبینہ بیوی کہکشاں گل نے ویڈیو بیان کے ساتھ تصاویر بھی جاری کیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ ہیں اور ماضی میں ان کے اسکینڈل بھی سامنے آتے رہے ہیں، جن میں ایک اہم سکینڈل عتیق الرحمن سے شادی کا ہے جبکہ میرا کی امریکہ میں مقیم نوید نامی شخص کے ساتھ شادی بھی سامنے آئی۔
یاد رہے کہ اداکارہ میرا کی عتیق الرحمن سے متنازعہ شادی کے کیسز عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔
تبصرے بند ہیں.