چینی، کھاد اور ادویات کیس میں عمران خان کیخلاف ایف آئی آر کٹ چکی: حمزہ شہباز

36

لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چینی ، کھاد ، ادویات کیس میں عمران خان کے خلاف ایف آئی آر کٹ چکی ہے ۔

 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی عوام کیلئے نہیں سوچتے کیونکہ پٹرول کی قیمت میں اتنا اضافہ کوئی سنگدل ہی کرسکتا ہے ۔ ملکی تاریخ میں ایسا ظالم حکمران پہلے نہیں آیا ۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے میڈیا کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی ، وہ انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں ۔ لیگی رہنما نے کہا کہ عدالتوں میں 100 پیشیوں کے بعد بھی میرے خلاف کچھ نہیں نکلا ، کھودا پہاڑ اور چیونٹی بھی نہیں نکلی ۔

 

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران خان سے عوم کی جان چھڑانے کیلئے ہر قانونی حربہ استعمال کریں گے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ خان صاحب تم کرپٹ آدمی ہو ، تمہیں عوامی عدالت میں جواب دینا ہو گا ۔ تمہارا بستر گول کرنے کیلئے ساری اپوزیشن متحد ہے ۔

 

دوسری جانب ، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج شہباز شریف کی پیشی تھی اور یہ تماشا ساڑھے 3 سال سے جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف کے بغض میں ہر ادارہ استعمال کیا لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کرسکے ۔ آج وہ شہزاد اکبر کہاں ہیں جو کاغذ لہرایا کرتے تھے ؟

 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنی کرسی کو انتقام کیلئے استعمال کیا اسی لیے ایسٹ ریکوری یونٹ وزیر اعظم کے دفتر میں بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے گھر جانے کا وقت قریب آگیا ، نیب کے ایکسٹینشن زدہ چیئرمین کو بھی حساب دینا ہوگا ۔

 

تبصرے بند ہیں.