امن دشمنوں کیخلاف آپریشن، دو جوان شہید، دو دہشتگرد جہنم واصل

33

راولپنڈی:  امن دشمنوں کیخلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے دو جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک، ڈی آئی خان اور کوٹ کلی جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

 

آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ تین کو گرفتار کر لیا اور دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 2جوان شہید ہوئے اور شہید ہونے والوں میں سپاہی فرید اللہ اور سپاہی شعیب حسن شامل ہیں۔

 

اس سے قبل ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے، موجودہ افغان حکومت کی درخواست پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کا آغاز کیا گیا لیکن کچھ چیزیں ناقابل قبول تھیں، تنظیم غیر ریاستی عنصر ہے جو پاکستان میں کوئی بڑا حملہ نہیں کر سکی۔ کالعدم ٹی ٹی پی میں اندورنی اختلافات بھی ہیں جبکہ افغان حکومت کو کہا ہے کہ اپنی سرزمین کو ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

 

تبصرے بند ہیں.