گلوبل وارمنگ روکنے کے لیے بہت سے اقدامات کی ضرورت ہے، وزیراعظم

71

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے جنگلات کو بچانا ہے اور پاکستان کے لیے 10 ارب درخت کا منصوبہ بہت ضروری ہے۔

 

وزارت موسمیاتی تبدیلی اور عالمی بینک میں معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاہدہ پاکستان کیلئے بہت اہم ہے اور ورلڈ بینک کے شکر گزار ہیں جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بہت زیادہ متاثر ہے، گلوبل وارمنگ روکنے کے لیے بہت سے اقدامات کی ضرورت ہے۔ لوگوں کی شکایتیں آنے لگیں کہ بارشیں کم ہو گئی ہیں اور مختلف ممالک نے ماحولیاتی آلودگی کو تاخیر سے سنجیدہ لیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اقدامات نہ کیے گئے تو ماحولیاتی آلودگی کے برے اثرات ہوں گے، کئی ممالک کو جنگلات میں آگ کے واقعات، سیلاب کا سامنا ہے، دنیا بھر میں بارش کم اور گرمی زیادہ ہوتی جا رہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے گلیشیئرز پگھل رہے ہیں، پاکستان کے لیے 10 ارب درخت کا منصوبہ بہت ضروری ہے۔

 

 وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں درخت اگانے کی مہم آبادی اور نیشنل پارکس بہت ضروری ہیں اور کئی جنگل غائب ہو چکے ہیں جبکہ وہاں قبضے ہو چکے ہیں تاہم ہمیں اپنے جنگلات کو بچانا ہے۔

 

عمران خان کا کہنا تھا کہ آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہمیں پارکس کو بچانا ہے جبکہ ہم نے 15 نئے نیشنل پارکس کا اعلان کیا ہے اس کا تحفظ کرنا ہے، سیٹلائٹ اور ڈرونز کے ذریعے پارکس کے تحفظ کو مانیٹر کریں گے جبکہ نیشنل پارکس بننے سے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا اور ہمارے شہر پھیلتے جا رہے ہیں جبکہ گرین ایریاز غائب ہو رہے ہیں اور اسلام آباد میں بھی آبادی کا بہت دباؤ ہے۔

تبصرے بند ہیں.