کراچی: ضلع شرقی میں جمشید کوارٹر ز کے علاقے میں رشتے کے تنازعے پر خاتون سمیت دو افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ واقعہ میں ملوث بخت زادہ اور یونس موقع سے فرار ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےجمشید کوارٹرز میں ایک ہی خاندان کے افراد کے درمیان رشتہ کی بات چیت چل رہی تھی کہ معمولی تنازعہ پر بات گالی گلوچ اور ہاتھاپائی سے بڑھ گئی نتیجے میں فائرنگ کرکے دوافراد کوہلاک کردیا گیا جبکہ ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچادیا گیا ۔
ایس ایچ او جمشید کوارٹر تھانہ ماجد کورائی کا کہنا ہے کہ فائرنگ رشتے کے تنازعہ پر کی گئی جبکہ فریقین کے درمیان آبائی گاؤں میں موجود زمین پر بھی جھگڑا چل رہا تھا ۔ فائرنگ بخت زادہ اور یونس نے کی جو واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں انور شاہ، محمد ہارون اور زیب النساء شامل ہیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والی خاتون اور ایک مرد دورانِ علاج جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ نائن ایم ایم پستول کی گئی ہے جس کے 4 خول جائے وقوعہ سے برآمد کر لیے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ ملزمان جاں بحق اور زخمی ہونے والے کے رشتے دار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہےہیں ۔
تبصرے بند ہیں.