شارجہ میں نئے سال سے سرکاری ملازمین کو ہفتے میں 3 چھٹیاں ہوں گی

168

شارجہ: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بعد شارجہ نے بھی ملازمین کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے ہفتہ وار چھٹیوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد اب ہفتے میں صرف 4 روز دفتری سرگرمیاں ہوا کریں گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای حکومت نے چند روز قبل ملازمین کیلئے نیا شیڈول تشکیل دیا تھا جس کے تحت ہفتے میں دو چھٹیوں یعنی ہفتہ اور اتوار کے روز تعطیل اور جمعہ کے روز آدھی چھٹی دی گئی تھی مگر شارجہ کی حکومت نے ملازمین کیلئے جمعہ کو بھی عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ 
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شارجہ کی ایگزیکٹو کونسل نے سپریم حکمران اور سپریم کونسل ممبر شیخ داکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی منظوری کے بعد ملازمین کے ورک ڈے کو صرف 4 دن تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سرکاری اداروں کے ملازمین ورکنگ ڈیز کے دوران صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ساڑھے تین بجے تک کام کریں گے۔ 
نئے فیصلے کے مطابق اب ایک ہفتے کے دوران 2 دن کے ویک اینڈ کے بجائے 3 دن کا ویک اینڈ ہو گا یعنی تمام ملازمین جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کام کرنے کے بجائے چھٹی منائیں گے اور نئے فیصلے کا اطلاق یکم جنوری 2022 سے ہو گا۔ 
شارجہ حکام کا کہنا ہے کہ ویک اینڈ بڑھانے کا فیصلہ ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے اور متحدہ عرب امارات کے مختلف شعبوں میں مسابقت بڑھانے کے ویژن کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد معیشت کو بڑھانا اور کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.