لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے کراچی کنگز کے ساتھ رہنے کی تصدیق کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں تبدیلی سے متعلق اعلان کے مطابق محمد عامر کی پلاٹینم سے ڈائمنڈ کیٹگری میں تنزلی ہوئی ہے اور فاسٹ باؤلر بھی اس پر رضامند ہے جس کے باعث کراچی کی جانب سے اسی کیٹیگری میں انہیں برقرار رکھنے جانے کا قوی امکان ہے۔
قبل ازیں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ محمد عامر ڈائمنڈ کیٹیگری میں تنزلی سے ناخوش ہیں اور کراچی کنگز انتظامیہ سے کہا تھا کہ یا تو انہیں ریلیز کر دیا جائے یا پھر پلاٹینم کیٹیگری میں ہی برقرار رکھا جائے۔
محمد عامر کے اس موقف پر کراچی کنگز انتظامیہ نے انہیں آگاہ کیا تھا کہ کیٹیگری میں ردوبدل ان کے ہاتھ میں نہیں بلکہ یہ فیصلہ صرف اور صرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہی کر سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر محمد عامر کو ریلیز کر دیا جاتا تو کسی بھی فرنچائز کیلئے ڈرافٹنگ کے دوران انہیں منتخب کرنا مشکل ہوتا کیونکہ قوانین کے مطابق ہر فرنچائز کو پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں ایک، ایک غیر ملکی کھلاڑی کا انتخاب کرنا ہو تا ہے۔
29 سالہ محمد عامر نے اب یہ انکشاف کیا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے کراچی کنگز کیساتھ ہی رہیں گے۔ محمد عامر لیگ کے آغاز سے ہی کراچی کنگز کیساتھ منسلک ہیں اور اس فرنچائز کی جانب سے سب سے زیادہ 54 وکٹیں لے رکھی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.