دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز 8 رنز سے شکست، پاکستان کا کلین سوئپ

169

ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز کلین سوئپ کر دی ہے۔ یہ پاکستان کی بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ویں فتح ہے اور اس کیساتھ ہی گرین شرٹس آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ 
شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے جبکہ فواد عالم نے 50 اور محمد رضوان نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ دیگر بلے بازوں میں عابد علی 39، عبداللہ شفیق 25 اور اظہر علی 56 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے تھے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 25 اوورز میں 73 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عبادت حسین اور خالد احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
پاکستان کے 300 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ساجد خان کے سپن جال میں پھنس گئی اور پوری ٹیم محض 87 رنز بنا سکی اور فالو آن کا شکار ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے جبکہ نجم الحسن شنتو 30 رنز بنا سکے اور 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے انتہائی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 15 اوورز میں محض 42 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں 3 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بنگلہ دیش کو فالو آن کرانے کا فیصلہ کیا جو قومی ٹیم کے باؤلرز نے اپنی عمدہ کارکردگی کے ذریعے درست ثابت کر دکھایا اور بنگال ٹائیگرز دوسری اننگز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور یوں پاکستان نے یہ میچ ایک اننگز اور 8 رنز سے جیت کر دو میچوں کی سیریز کلین سوئپ کر دی۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی شکیب الحسن 63 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ مشفیق الرحیم 48، لٹن داس 45 اور مہدی حسن 14 رنز بنا سکے جبکہ 7 کھلاڑی اس بار بھی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے۔ 
ساجد خان نے اس بار بھی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 32.4 اوورز میں 86 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بابراعظم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

تبصرے بند ہیں.