اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) 23 مارچ کو لانگ مارچ کی تاریخ بدلے ، ورنہ پھر نہ کہے کہ راستے بند کر دئیے، سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں ملک کو بدنامی سے دوچار کرنے والا واقعہ ہوا ہے جو قابل مذمت ہے اور پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کی سازش ہے، سری لنکن ہائی کمشنر کو مکمل انصاف فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اس معاملے پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔
شیخ رشید نے اس موقع پر اپوزیشن اتحاد پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ پہلی اپوزیشن ہے جو چار ماہ پہلے قومی دن پر احتجاج کا اعلان کر رہی ہے، اپوزیشن لانگ مارچ کے احتجاج کی تاریخ بدلے ورنہ پھر نہ کہے کے راستے بند کر دئیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 23مارچ کی تاریخ پر اعتراض ہے کیونکہ اس دن فوجی پریڈ ہوتی ہے اور یہ پاک فوج کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے، لانگ مارچ 15 روز پہلے یا 7 روز بعد کرلیں کیونکہ یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے ہمارا سارا جنگی سامان جی ٹی روڈ سے اسلام آباد پہنچتا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بیشتر کور ہیڈ کوارٹرز بھی جی ٹی روڈ پر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یوم پاکستان سے 6، 7 روز پہلے اسلام آباد کے بعض راستے بند کر دئیے جاتے ہیں، اپوزیشن کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہوں کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے، اپوزیشن نے ساڑھے 3 سال بعد تاریخ دینے کا فیصلہ کیا اور وہ بھی غلط کیا، مولانا اس تاریخ پر ازسرنو غور کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جب اسلام آباد آئے تھے وہ وقت اپوزیشن کے احتجاج کا تھا ، اب تو نئے الیکشن کا دور آ گیا ہے، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں ان کے مقاصد اور ہیں، عمران خان ناصرف اپنی مدت پوری کریں گے بلکہ وہ تین سے چار ماہ میں مہنگائی کا خاتمہ بھی کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.