اسلام آباد:پاکستانی جذبہ خیر سگالی پر بھی بھارت نے سیاست شروع کردی ،افغانستان میں سامان بھیجنے کیلئے بھارت نے اپنے عملے کو ہی بھیجنے کی ضد پکڑ لی ،،نئی دہلی کا کہنا ہے کہ گندم بھارتی ٹرکوں کے ذریعے بھارتی ڈرائیورکے ساتھ ہی بھجوائِی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ بھارت 30 روز کے اندر گندم افغانستان بھجوائے جس کیلئے پاکستان تیارہے،سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی گندم کے لئے عالمی ادارہ خوراک کے تعاون کی بھی پیشکش کردی، عالمی ادارہ خوراک نے بھی گندم کی ترسیل و تقسیم پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
پاکستان کا کہنا ہےکہ بھارت ڈبلیوایف پی کے ٹرکوں کے ذریعے گندم افغانستان لےجا سکتا ہے،تاہم پاکستانی پیشکش پر بھارت نے تاحال عالمی ادارہ خوراک سے رابطہ نہیں کیا،دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان ہزاروں کی تعداد میں بھارتی ٹرکوں کو اپنی سرزمین پر داخلے کی اجازت نہیں دے سکتا، پاکستان نے افغان ٹرکوں کے استعمال کا بھارتی مطالبہ بھی مسترد کر دیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق افغانستان کی درخواست پر پاکستان نے بھارتی گندم کو راہداری کی اجازت دی، بھارت جلد از جلد افغانستان کے لیے گندم پاکستانی راستے سے بھیجنے کا بندوبست کرے، اور پاکستان کی مخلصانہ پیشکش کوسیاست کی نذر نہ کرے، تاہم نئی دہلی کا کہنا ہے کہ گندم بھارتی ٹرکوں اور عملے کے ذریعے ہی افغانستان جائے گی ،اور ساتھ ہی ساتھ دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹرک اور عملے پر اگرحملے ہوئَے تو اس کا ذمہ دار پاکستان ہوگا۔
پاکستان نے اس تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کو عالمی ادارہ خوراک کے ذریعے سامان بھیجنے کی پیشکش کی تھی جس پر ابھی تک مودی سرکار کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا ۔
تبصرے بند ہیں.