لیما :پیر و میں رسیوں میں جکڑی ہوئی ” ممی ” دریافت ہوئی ہے جس کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور وہ سالوں سے اکڑوں بیٹھی ہوئی ہے ۔ ماہرین آثارقدیمہ اس ممی کو 800 سے 1200 سال قبل پرانی قراردے رہے ہیں ۔
دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے بعض اوقات ایسی چیزیں بھی سامنے آجاتی ہیں جن سے عام انسان سوچ میں پڑجاتا ہے کہ کیا واقعی یہ بھی ایک دور تھا ۔ ایسی ہی ایک نئی دریافت نے دنیا کو حیران کردیا ہے ۔
نیشنل یونیورسٹی آف سان مارکوس کے محققین نے پیرو کے دارالحکومت لیما سے 25 کلومیٹر دور ایک ممی دریافت کی ہے ۔یہ رسیوں میں جکڑی ہوئی ہے اور بہت تکلیف دہ حالت میں اکڑوں بیٹھی ہے۔دریافت ہونے والی اس ممی نے دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ بھی ڈھانپا ہوا ہے ۔
کچھ ماہرین کی رائے ہے کہ یہ مردے کی بے حرمتی یا تشدد نہیں بلکہ اس وقت دفنانے کی ایک رسم تھی جو اس تہذیب میں عام تھی۔ ایک اندازے کے مطابق یہ ممی 800 سے 1200 سال قدیم ہے جو ہسپانوی عہد سے پہلے کا دور تھا بلکہ شاید انکا تہذیب سے بھی پہلے کے عہد سے تعلق رکھتی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ یہ 25 سے 30 سالہ نوجوان کی لاش ہے جو اسی علاقے کے پہاڑوں پر رہتا تھا۔ ماہرین نے اس سال اکتوبر میں یہاں دوبارہ تحقیق اور کھدائی شروع کی جس کے بعد کئی اہم اشیاء سامنے آئی ہیں تاہم یہ ممی ان میں سب سے زیادہ اہم دریافت ہے۔
تبصرے بند ہیں.