حسن علی کی اہلیہ نے پاکستان سے دھمکیاں ملنے کی خبروں کی تردید کر دی

180

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو نے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان سے ملنے والی دھمکیوں کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ 
رواں مہینے کی 11 تاریخ کو ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں حسن علی نے اہم موقع پر آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کیا جسے متعدد سوشل میڈیا صارفین نے میچ ہارنے کی وجہ قرار دیتے ہوئے فاسٹ باؤلر پر تنقید کے تیر برسائے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ 

اس صورتحال کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حسن علی کی اہلیہ سے منسوب اکاؤنٹ سے کی گئی کچھ ٹوئٹس وائرل ہوئیں جس میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کے لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنانے سے روکا جائے۔

ٹوئٹس میں مزید لکھا گیا تھا کہ بہت سے پاکستانی مداح یہ سوچتے ہیں کہ میں بھارت کی ایجنٹ ہوں، میچ کے بعد ہمیں دبئی اور پاکستان میں دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ہماری بیٹی کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، اگر ہماری حفاظت کیلئے اعلیٰ حکام کی جانب سے کچھ نہ کیا گیا تو میں اپنی بیٹی کے ہمراہ والدین کے پاس بھارتی شہر ہریانہ منتقل ہوجاؤں گی۔

لیکن اب حسن علی کی اہلیہ نے اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے اسے فوری رپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ سامعہ آرزو نے انسٹاگرام پر سٹوری پوسٹ میں لکھا کہ اس اکاؤنٹ سے منسوب بہت سی ٹویٹس وائرل ہیں کہ مجھے، حسن اور ہماری بیٹی کو پاکستانی لوگوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں جو کہ بالکل غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہلوگوں کی جانب سے ہماری حمایت کی جارہی ہے اور میری مداحوں سے درخواست ہے کہ وہ ایسی ٹویٹس اور بیانات پر یقین نہ کریں کیونکہ میرا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

تبصرے بند ہیں.