مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے، شہباز شریف

59

لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے اور رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی۔ 

 

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کا سیاہ قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے جبکہ اتحادیوں کے انکار اور تحفظات کے بعد حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق سیاہ قوانین واپس لے۔

 

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے جس طرح چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا اور اسی طرح رات کی تاریکی میں اجلاس ملتوی کر دیا گیا جبکہ رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی، ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہے۔

 

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پرائیویٹ ممبر بل پر دو بار شکست کھانے کے بعد مشترکہ اجلاس کا التواء عمران نیازی کی اکثریت کھو دینے کی علامت ہے اور مہنگائی کی ستائی عوام کے عدم اعتماد کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کر دیا ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ عوام اور پارلیمنٹ کے عدم اعتماد کے بعد کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوکر قوم کو ریلیف دیں۔

تبصرے بند ہیں.