پاک، افغان میچ کے دوران ہزاروں شائقین کرکٹ بغیر ٹکٹ کے سٹیڈیم میں داخل ہو گئے

477

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ سپر 12 مرحلے میں گزشتہ روز پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران ہزاروں افغان شائقین کرکٹ بغیر ٹکٹ کے سٹیڈیم میں داخل ہو گئے جس کے باعث سٹیڈیم کے دروازے بند کر دئیے گئے اور ٹکٹ خریدنے والے ہزاروں افراد میچ ہی نہ دیکھ سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور افغانستان کا میچ دیکھنے کیلئے 20 ہزار سے زائد تماشائی سٹیڈیم کے باہر پہنچے جن میں سے ہزاروں افراد بغیر ٹکٹ کے سٹیڈیم میں داخل ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ سیکیورٹی اداروں نے حالات کو دیکھتے ہوئے سٹیڈیم کے دروازے بند کر دئیے لیکن ایک اندازے کے مطابق اس وقت تک 10 ہزار سے زائد افغانی شائقین کرکٹ بغیر ٹکٹ کے سٹیڈیم میں داخل ہو چکے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ کے سٹیڈیم میں داخلے کے باعث ٹکٹ رکھنے والے ہزاروں افراد سٹیڈیم میں داخل ہی نہ ہو سکے اور رقم خرچ کرنے کے باوجود بھی میچ دیکھنے سے قاصر رہے اور کئی افراد نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات پر سوالات اٹھائے۔

تماشائیوں کے اتنے بڑے ہجوم کو دیکھتے ہوئے سیکیورٹی اداروں نے بھی احتیاطی اقدامات اٹھائے اور اس دوران کئی افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ سٹیڈیم کے دروازے بھی بند کر دئیے گئے جس کے باعث ٹکٹ رکھنے والے اندر داخل ہی نہ ہو سکے اور کئی افغان شہری بند گیٹ پر چڑھنے کی کوشش بھی کرتے رہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے میچ میں کئی تماشائیوں نے بغیر ٹکٹ میدان میں داخلے کی کوشش کی جس پر پولیس اور سیکورٹی سٹاف نے سٹیڈیم کو محفوظ بنایا اور شائقین کرکٹ کو منتشر کرنے اور صورتحال پر قابو پانے کیلئے اضافی وسائل استعمال کئے گئے۔

دبئی پولیس نے گراؤنڈ کے اندر ماحول کو قابو میں لانے کیلئے گیٹ بند کئے جس کی وجہ سے ٹکٹ کے حامل افراد بھی گراؤنڈ میں داخل نہ ہو سکے۔ آئی سی سی نے ان افراد سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹکٹ ری فنڈ کیلئے متعلقہ ادارے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.