پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا تیسرا میچ افغانستان کیخلاف آج دبئی میں کھیلے گی

99

دبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم سپر 12 مرحلے میں اپنے تیسرے میچ میں افغانستان کے خلاف آج میدان میں اترے گی۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ آج شام سات بجے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے افغانستان کو بھی خطرناک حریف تصور کیا جا رہا ہے تاہم بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔

 

پاکستان نے بھارت کو پہلے میچ میں خوب دھویا اور دس بڑے ناموں کی ٹیم کو دس وکٹوں سے مارا جبکہ دوسرے میچ میں کیویز کو بھی بآسانی چت کیا اور گرین شرٹس کا اگلا شکار اب افغانستان ہے۔

 

افغانستان کی ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ میں خطرناک حریف کے طور پر سامنے آئی ہے۔ وارم اپ میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو باآسانی شکست دی پھر اسکاٹ لینڈ کو گروپ ٹو کے میچ میں 130 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا۔

 

دوسری جانب گرین شرٹس نے بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی کے لیے راہ ہموار کر لی ہے اور بولرز فارم میں ہیں جبکہ بیٹسمینوں کے بلے بھی خوب چل رہے ہیں۔

 

خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا جس میں پاکستان نے تین وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔ 

تبصرے بند ہیں.