کیا شہباز شریف پارٹی کے اندر ہیں یا بڑے میاں صاحب نے باہر کر دیا ؟

128

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے اندر ہونے والی نا انصافیوں کا غصہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ نکالیں ، شہباز شریف پہلے طے کر لیں کہ وہ پارٹی کے "اندر” ہیں یا بڑے میاں نے اپنوں کے ذریعے "باہر” کر دیا ہے،مولانا اپنی سیاسی انا کی تسکین کیلئے جمہوری نظام سے نہ کھیلیں۔

  چوہدری فواد حسین  نے اپنے ردعمل میں  کہا ہے کہ پی ایم ایل این کی سیاست کو بڑے میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی نے دفن کر دیا ہے، پاکستان میں کرپشن کا سورج طلوع کرنے والے لندن میں غروب ہو چکے ہیں، یہ پاکستان کی عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔

انہوں نے کہا  اگر یہ اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرےلیکن عوام  اقتدار عمران خان کو دیں تو ان سے برداشت نہیں۔ جنہیں سرکاری وسائل اوپروٹوکول استعمال کرنے کی دہائیوں پر محیط لت لگی ہو وہ اقتدار و اختیار کے بغیر ایسے ہی تڑپتے ہے جیسے  مچھلی پانی کے بغیر،وفاقی وزیر اطلاعات  نے مزید کہا ہے کہ اگر ملک میں آج مہنگائی ہے تو اس کی وجہ آپ کی اربوں کھربوں کی کرپشن اور غیر ملکی قرضے ہیں جو آپ ذاتی مفاد کے لئے لیتے رہے،انہیں سابقہ دور میں قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقاریر کیوں نہیں یاد آرہیں؟

فوادچوہدری نے کہا  اپنی ایک پلیٹ حلوے کے لیے پوری دیگ کیوں الٹانا چاہتے ہیں۔؟ نواز شریف اپنے بھائی اور مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف کے ساتھ وہی سلوک کر رہے ہیں جو زرداری اور بلاول نے مل کرمولانا فضل الرحمان سے کیا ہے۔مولانا کو اپنی یہ عزت افزائی کبھی نہیں بھولنی چاہیے،اب مولانا صاحب اور شہباز شریف مل کر انجمن متاثرین بنالیں۔

تبصرے بند ہیں.