اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے معروف اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فن کے شعبے میں ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا
جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کا معروف اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔
وزیر اعظم نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکیا ۔
دوسری طرف ملک کی سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی کامیڈی کنگ عمر شریف کی وفات پر گہرے دکھ اور اور افسوس کا اظہار کیا ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عمر شریف کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی ہے ،انھوں نے کہا کہ صد افسوس ! چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والا فنکار اپنے چاہنے والوں کو دکھی کر گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمر شریف اپنی طرز کے بہترین فنکار تھے ، ان کی کمی تادیر محسوس کی جائے گی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ پہنچا ۔ مرحوم نے اپنے منفرد فنِ مزاح سے پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ فن کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ تادیر یاد رکھا جائے گا ۔ اللہ تعالی عمر شریف کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ، انھوں نے کہا کہ ان کی موت سے فن کی دنیا میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا ۔
چودھری شجاعت حسین ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی ۔
تبصرے بند ہیں.