کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کر گئے

171

برلن  :پاکستان کے معروف کامیڈی اداکار عمرشریف انتقال کرگئے  ۔اداکار عمر شریف کی اہلیہ نے عمر شریف کے انتقال کی تصدیق کردی ۔

تفصیلات کے مطابق اداکار 66 سالہ عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور ان کو علاج کے لئے امریکا لے جایا جارہا تھا ۔عمر شریف کو امریکا لے جانے والی ائیر ایمبولینس کا جرمنی میں سٹاپ اوور تھا۔ ائیر ایمبولینس کو ری فیولنگ اور عمر شریف کو چیک اپ کے لئے رکنا پڑا ۔ اسی دوران  عمر شریف کی طبعیت خراب ہوگئی جس کے بعد ان کو مقامی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ عمر شریف کو تھکاوٹ اور کمزوری کی وجہ سے بخار ہوگیا تھا جو بگڑ کر نمونیا کی شکل اختیار کرچکا تھا ۔ ہسپتال میں ان کی اہلیہ ان کے ساتھ مقیم تھیں ۔

اداکار عمرشریف ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم کی نگرانی میں تھے دوروز قبل ڈاکٹروں نے ان کی طبعیت بہتر ہونے پر ان کا ڈائیلاسز تجویز کیا تھا ۔

ڈاکٹروں کے مطابق عمر شریف کا ڈائیلاسز کیا جانا تھا اور اس عمل کے دوران ہی ان کی طبعیت بگڑ گئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

اداکار عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے ۔

یاد رہے کہ اداکار عمرشریف نے سٹیج پر کامیڈی کا نیا انداز متعارف کرایا ان کے مشہور ڈراموں میں بڈھا گھر پر ہے، بکراقسطوں پر ، مجھے میری بیوی سے بچاؤ، غریبوں کا شہنشاہ ، مغل اعظم جیسے کئی کامیڈی ڈرامے شامل ہیں ۔

اداکا ر عمر شریف نے کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ان کی مشہور فلموں میں مسٹر چارلی ،مسٹر چارسوبیس ، مس فتنہ اور کئی دیگر شامل ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.