اوورسیز پاکستانیوں کے ٹیکس گوشواروں کی فائلنگ، ایف بی آر کا نیا لنک جاری

192

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کے انکم ٹیکس گوشواروں کی فائلنگ میں حائل مشکلات ختم کرنے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے علیحدہ سے ایک لنک مخصوص کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایف بی آر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اوورسیز پاکستانی https://iiris.fbr.gov.pk/ کی مدد سے اپنے ٹیکسوں کے گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے ہونے والی حالیہ ہیکنگ کے بعد نئے پورٹل بنانے پر غور کیا ہے لیکن ابھی تک اس پر کوئی کام کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ پاکستانی ٹیکس نظام میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے غیر رہائشی کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ ایسے تمام شہری جو بیرون ممالک قیام پذیر ہیں جبکہ پاکستان میں ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں، ان کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایسے اوورسیز پاکستانی جن کا ملک میں کاروبار ہے، انھیں قانونی طور پر ٹیکس گوشوارے جمع کرانا لازمی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اوپن کروانے والے پاکستانی جو بیرون ممالک سے پیسے بھیج رہے ہیں یا اس کے ذریعے ہی ملک میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، انھیں بھی استثنیٰ حاصل ہے۔

تبصرے بند ہیں.