جعلی اور مفاد پر مبنی خبروں کو روکنے کے لئے صحافی تجاویز دیں ، فواد چوہدری

145

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( پی ایم ڈی اے ) بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا اور وہاں ہی اس کا فیصلہ ہوگا ۔ جعلی خبروں کو روکنے کے لئے دنیا بھر میں قوانین موجود ہیں ۔ جعلی اور مفادات پر مبنی خبریں چلائی جاتی ہیں ان کو روکنا ہوگا ۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری  نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم میڈیا میں اصلاحات لائیں گے اور اس کی ہی مخالفت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبریں صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے ، جعلی خبروں کی روک تھام کے لئے کچھ  کرنا ہوگا ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں پی ایم ڈی اے جیسے قوانین موجود ہیں ۔ ہم نے ابھی کوئی مسودہ نہیں بنایا ابھی صرف فریم ورک دیا ہے اگر مسودہ پہلے ہی بنادیں تو اس پر کیا بات چیت ہوگی ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگرصحافیوں کے پاس اس کے بارے میں بہتر تجاوزات ہیں تو وہ سامنے لائیں ۔

اپوزیشن کی طرف سے اس قانون پر احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے تو اس قانون کے مسودے کو پڑھا ہی نہیں انہوں نے بس سیاست کے لئے اس پر احتجاج کیا ۔

فوادچوہدری نے کہا کہ میڈیا ٹربیونل یا کمپلین کمشن پر مشاور ت بالکل ہونی چاہئے بلکہ اس کمشن میں میڈیا کے لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا بڑا مسئلہ 99 فی صد سوشل میڈیا اور چھوٹے چینلز کا ہے ۔بلیک میلنگ اور مفادات کی باتیں ہورہی ہیں جن کو روکنا بہت ضروری ہے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ صحافی برادری اس فریم ورک کو سمجھے اور اپنی تجاویز ہمیں دے ۔برطانیہ میں ایک قانون آیا ہے جس میں جعلی خبر پر جرمانہ 18 ملین ہے ہم تو بہت کم جرمانے رکھ رہے ہیں ۔انہوں نے سوال پوچھا کہ صحافی برادری بتائے کہ جعلی خبروں سے کیسے نمٹا جائے ۔

فوادچوہدری نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن پر کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کامیاب ہوئی ہے اور یہ پھر ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان ہی قومی لیڈر ہے

 

تبصرے بند ہیں.