الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 3 رہنماؤں کو نوٹس جاری کر دیئے

117

اسلام آباد: کنٹونمنٹ انتخابات 2021 کے سلسلے میں کراچی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف  کے تین اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیے۔

 

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے 3 رہنماؤں سمیت  پیپلز پارٹی کے 2 امیدواروں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔ وفاقی وزیرعلی زیدی اور اراکین سندھ اسمبلی فردوس شمیم اور بلال غفار  نے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی،علی زیدی نے خلاف ضابطہ پارٹی امیدوارکو فنڈز جاری کیے اور انتخابی مہم کا حصہ بنے، جس پر ان سے 2 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدواران فاروق علی اور منظور علی کو خلاف ضابطہ ترقیاتی کام روکنے کا حکم دیا گیا ہے اور دونوں سے 24 گھنٹے میں جواب طلب کر لیا گیا ہے جبکہ الیکشن قوانین کی خلاف ورزیاں کنٹونمنٹ بورڈ فیصل میں رپورٹ ہوئی ہیں۔

 

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ انتخابات 2021 کے لیے میڈیا سے متعلق ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی صحافتی ادارہ بغیر ثبوت کسی سیاسی جماعت یا امیدوار سے متعلق خبر شائع نہ کرے، پیمرا ضابطے میں درج قوانین کو یقینی بنائے گا اور صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ حاصل کرنے کے بعد پولنگ سے متعلق کوریج کی اجازت ہو گی جبکہ قومی یکجہتی کو متاثر کرنے والے بیانات نشر کرنے سے سختی سے گریز کیا جائے۔

 

واضح رہے کہ ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات 12 ستمبر کو ہوں گے۔

 

تبصرے بند ہیں.