سعودی عرب میں سفید شاہین 8 کروڑ سے زائد میں فروخت

37

ریاض: سعودی عرب میں سفید شاہین (فالکن) نصف ملین ڈالرز ( مساوی 83,994,900 پاکستانی روپے) میں فروخت ہوا تو نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔

سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی ( ایس پی اے) کے حوالے سے برطانوی اخبار ڈیلی میل نے بتایا ہے کہ دارالحکومت ریاض سے تقریباً 40 میل کے فاصلے پر واقع ملہم شہر میں سفید شاہین کو نیلامی کے ذریعے 1.75 ملین یورو میں ( مساوی نصف ملین ڈالرز) فروخت کیا گیا ہے۔

امریکی نسل کے اس سفید شاہین کو عالمی فالکن بریڈرز آکشن (آئی ایف بی اے) نیلامی مین فروخت کیا گیا ہے اور یہ نیلامی بھی تنظیم کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی تھی۔

سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اپنی فروخت کے لحاظ سے عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے اس سفید شاہین کی عمر ایک سال سے کم ہے اور اسے امریکن پیسفک نارتھ ویسٹ فالکنز فارم سے لایا گیا تھا جسے دنیا میں شاہینوں کی افزائش نسل کے اعتبار سے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ قیمت کے لحاظ سے عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے سفید شاہین کی لمبائی 16.5 انچ اور وزن 34.5 اونس ہے۔

سعودی عرب میں منعقد ہونے والی شاہینوں کی سالانہ نیلامی میں 14 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکا شامل تھے۔ اس نیلامی کو سعودی ٹی وی اور سوشل میڈیا نے براہ راست نشر بھی کیا۔

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مشرق وسطیٰ میں شاہین سے محبت اور اسے پالنے کی پوری تاریخ ہے اور اکثر دولت مند افراد اس پرندے پر بطور خاص رقوم بھی خرچ کرتے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کوئی شاہین اس قدر مہنگا فروخت ہوا کہ عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا۔ خلیج میں اس پرندے کو ثقافت کا بھی حصہ سمجھا جاتا ہے۔

آئی ایف بی اے کے مطابق سعودی عرب میں بیس ہزار سے زیادہ شاہین ہیں۔ اس پرندے کو بطور خاص عزت و تکریم بھی دی جاتی ہے۔

سعودی عرب نے جولائی 2017 میں فالکنرز کی ایسوسی ایشن بنانے کے لیے ایک شاہی فرمان منظور کیا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.