ہم ون مین شو پر یقین نہیں رکھتے، جنوبی پنجاب کے عوام کو اس کا حق دے رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

165

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم ون مین شو پر یقین نہیں رکھتے اور ہم جنوبی پنجاب کے عوام کو اس کا حق دے رہے ہیں۔ 
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان سے لاہور جاتے ہوئے ایئر پورٹ پر صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے جبکہ ہم ون مین شو پر یقین نہیں رکھتے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے نام پر دھوکہ دیا لیکن ہم جنوبی پنجاب کی عوام کو اس کا حق دے رہے ہیں، ملتان شہر کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جارہے ہیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارے دور میں جنوبی پنجاب کا بجٹ کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں کیا جا رہا، ماضی میں جنوبی پنجاب کا بجٹ دوسرے شہروں پر خرچ کیا جاتا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اراکین اسمبلی سے ملاقات کے بعد لاہور واپس روانہ ہو گئے۔

تبصرے بند ہیں.